ذرّے جھڑ کر تری پیزاروں کے

Dynamic Share Icon

ذرّے جھڑ کر تری پیزاروں کے
تاجِ سر بنتے ہیں سَیّاروں کے

ہم سے چوروں پہ جو فرمائیں کرم
خِلْعَتِ زر بنیں پُشتاروں کے

میرے آقا کا وہ در ہے جس پر
ماتھے گھس جاتے ہیں سرداروں کے

میرے عیسیٰ تِرے صدقے جاؤں
طور بے طور ہیں بیماروں کے

مجرمو ! چشمِ تبسم رکھو
پھول بن جاتے ہیں انگاروں کے

تیرے اَبرو کے تَصَدُّق پیارے
بند کرّے ہیں گرفتاروں کے

جان و دل تیرے قدم پر وارے
کیا نصیبے ہیں ترے یاروں کے

صِدق و عَدل و کرم و ہمّت میں
چار سو شُہرے ہیں اِن چاروں کے

بہرِ تَسلیمِ علی میداں میں
سر جھکے رہتے ہیں تلواروں کے

کیسے آقاؤں کا بندہ ہوں رضاؔ
بول بالے مِری سرکاروں کے

.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے