فاروقی گورنر اور ان سے متعلقہ امور

 مثالی حکومت اور اس کی کامیابی کاراز : 

   خليفۃ رسول اللہ حضرت سید نا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے مبارک دور میں فتوحات کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا امیر المومنین حضرت سید نا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کے عہد خلافت میں بھی جاری رہا ۔ ان فتوحات کا مقصد توحید و رسالت کا پر چار ، عدل و انصاف کا قیام ، نیکی کی دعوت کی ترویج و اشاعت اور اعلی و بلند اخلاق سے دنیا بھر کوروشناس کرانا تھا ۔ کامیابی کا حصول بلاشبہ اعزاز ہے لیکن اس کامیابی کی حفاظت کے لیے بہترین حکمت عملی اختیار کرنا اور کامیابی کی بنیاد پر اپنے مقاصد پانے میں بھی کامیاب ہو جانا ایک امتیازی خصوصیت ہے ۔امیر المومنین حضرت سید نا فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کو اللہ عزوجل نے اس امتیازی خصوصیت سے نوازا تھا ، آپ رضی اللہ تعالی عنہ نے ان ممالک کو فتح کرنے کے بعد کامیابی کا سفر جاری رکھنے کے لیے بہترین انتظامی ڈھانچہ ترتیب دیا ۔ پھر آپ رضی اللہ تعالی عنہ نے اس نظام کے قیام و بقا کے لیے سلطنت کے مختلف علاقوں میں گورنر اور حاکم مقرر کیے ۔ 

فاروقی گورنر اور ان سے متعلقہ امور

انتخاب فاروق اعظم کے کیا کہنے :

    واضح رہے کہ قابل ، پاکباز اور باصلاحیت افراد کے بغیر نہ تو کوئی آئین مرتب کیا جاسکتا ہے ، نہ ہی کوئی قانون بنایا جاسکتا ہے اور نہ ہی کسی انتظامی ڈھانچے کی ترکیب ہوسکتی ہے ۔ معاشرے میں سے ایسے افراد کا انتخاب ، ان کی صلاحیتوں کا درست جگہ استعمال ایک کامیاب حاکم کی فہم وفراست کی واضح دلیل ہے ۔ امیر المومنین حضرت سید نا عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ اس بے مثال فراست کے با کمال مالک تھے ۔ آپ نے جس شعبے کے لیے جو حاکم یا ذمہ دار منتخب فرما یا اس کی کامیابیوں اور طرز حکومت کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس ذمہ داری کے لیے آپ کو اس شخص سے بہتر کوئی نظر نہیں آیا ۔ کس منصب کے لیے کون مناسب ہے ؟ کون بہتر اور کون بہترین ؟ امیر المومنین حضرت سید نا فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ نے ان تمام باتوں کو اپنی کامل فراست سے بخوبی جان لیا اور پھر اس کے مطابق ذمہ داران کا انتخاب فرمایا ۔ یقینا عوام کی فلاح و بہود اور ان کی اخلاقی تربیت میں ایک امانت دار حاکم کا بہت کردار ہوتا ہے ، اگر حاکم درست ہوتو رعایا بھی درست ہی رہتی ہے ، اگر حاکم ہی درست نہ ہو تو پھر رعایا تنزلی کی عمیق وادیوں میں گرتی جاتی ہے ۔

.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے