علامہ ابن حاجب کی کتاب کا فیہ فن نحو کی مشہور و معروف اور معرکۃ الآراء کتاب ہے، درس نظامی میں جس کی ضرورت واہمیت سے انکار ارباب دانش کے لئے ناممکن ہے کیونکہ اس کے بغیر استعداد صلاحیت کاملا حاصل نہیں ہوسکتی لیکن یہ علم نحو کی مشکل ترین کتاب ہے جس سے طلباء کی اکثریت مکمل فائدہ حاصل کرنے سے قاصر رہتی ہے ، اس کی مختلف شروح ہونے کے باوجود کماحقہ اسکو بجھا اور سمجھانا آسان نہیں تھا، اس لئے اس کتاب کی اردوزبان میں ایسی شرح کی ضرورت تھی جو اس کے جمیع مغلقات کے حل کے ساتھ ساتھ شرح جامی کو سمجھنے کے لئے تمہید ہو۔
یہ کام بہت مشکل تھا کیونکہ اس لئے با صلاحیت اور تجربہ کار استاذ کی ضرورت تھی، بحمد للہ یہ کام احسن طریقے سے ابو اویس مفتی محمد یوسف القادری نے سر انجام دیا ، کہ اب پورے وثوق سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس شرح کے ہوتے ہوئے طلباء کو یا کسی مدرس کو کافیہ کے حل کے لئے کسی اور شرح کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔
مفتی محمد یوسف القادری صاحب نہ صرف کمال درجے کے مدرس ہیں، بلکہ عظیم المرتبت مدرس ہونے ساتھ ساتھ ، کمال درجے کے مقرر اور بے باک اور نڈر مصنف ہیں تھوڑے ہی عرصے میں ان کی متعدد کتب زیور طباعت سے آراستہ ہو کر ارباب علم و دانش سے خراج تحسین حاصل کر چکی ہیں، اور کچھ کتابت و طباعت کے مراحل میں ہیں