نام کتاب | شرح صحیح البخاری |
مصنف | ابو تراب محمد ناصر الدین ناصر |
زبان | اردو |
فن | متن حدیث |
اردو شرح صحیح بخاری
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ایک مسلمان اپنے رب عزوجل کی رضا و خوشنودی اپنے رب عزوجل کی عبادت اور اس کے محبوب دانائے غیوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت و تعلیمات پر عمل کے ذریعہ ہی حاصل کر سکتا ہے جو اپنے رب عزوجل کی رضا پانے میں کامیاب ہو گیا در حقیقت وہی دنیا و آخر کی بھلائیاں وکامیابیاں پانے میں کامیاب ہو گیا۔ بلاشبہ ہمارے نبی کریم و رحیم آقاصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانوں کی رشد و ہدایت کے لیے اس دنیا میں جلوہ افروز ہوئے ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک اقوال و افعال، سیرت و کردار، اخلاق و معاملات، طلب حق کے متلاشیوں کے لیے نور ہدایت ہیں۔ شرح بخاری شریف علامہ ناصر الدین ناصر مدنی عطاری
ہمارے اسلاف و بزرگانِ دین کی زندگی کے انمول لمحات نبی کریم رؤف و رحیم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرنے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان وارشادات کو پھیلانے میں صرف ہوئے اور اس طرح انہوں نے زندگی کے ان لمحات کو بیش قیمت بنا کر اپنے لیے سرمایہ آخرت بنالیا، یقینا انہوں نے یہ عظیم دینی کام محض رضائے الہی پانے اور جذبہ اصلاح امت کی خاطر کیا، اس لیے بارگاہ الہی میں ان کی یہ عظیم دینی خدمت ایسی مقبول ہوئی کہ قیامت تک کے لیے لوگوں کے دلوں میں ان کی عظمت و عقیدت نقش ہو گئی۔ ان ہی بزرگوں میں سے ایک عظیم بزرگ امام محمد بن اسمعیل بخاری علیہ رحمتہ اللہ القوی ہیں جنہوں نے نبی کریم رؤف و رحیم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک اقوال و افعال کو اپنی گرانقدر و مایہ ناز تصنیف لطیف بنام صحیح بخاری میں انتہائی عمدہ و احسن انداز میں جمع فرمایا ہے اور راوحق کے سالکین کے لیے مشعل راہ کا انتظام فرمایا ہے۔