علوم آدم علیہ السلام کی ایک فہرست
حضرت آدم
علیہ السلام کو اللہ تعالی نے کتنے اور کس قدر علوم عطا فرمائے اور کن کن چیزوں کے
علوم و معارف کو عالم الغیب والشہادۃ نے ایک لمحہ کے اندر ان کے سینہ اقدس میں بذریعہ
الہام جمع فرما دیا، جن کی بدولت حضرت آدم علیہ السلام علوم و معارف کی اتنی بلند
ترین منزل پر فائز ہو گئے کہ فرشتوں کی مقدس جماعت آپ کے علمی وقار و عرفانی عظمت
و اقتدار کے رو برو سر بسجو د ہوگئی ، ان علوم کی ایک فہرست آپ قطب زمانہ حضرت
علامہ شیخ اسمعیل حقی علیہ الرحمہ کی شہرہ
آفاق تفسیر روح البیان شریف میں پڑھیے جس کا ترجمہ حسب ذیل ہے، وہ فرماتے ہیں :
اللہ تعالیٰ
نے حضرت آدم علیہ السلام کو تمام چیزوں کا نام ، تمام زبانوں میں سکھا دیا اور ان
کو تمام ملائکہ کے نام اور تمام اولاد آدم کے نام، اور تمام حیوانات و نباتات و
جمادات کے نام اور تمام چیز کی صنعتوں کے نام اور تمام شہروں اور تمام بستیوں کے
نام اور تمام پرندوں اور درختوں کے نام اور جو آئندہ عالم وجود میں آنے والے ہیں
سب کے نام اور قیامت تک پیدا ہونے والے تمام جانداروں کے نام اور تمام کھانے پینے
کی چیزوں کے نام اور جنت کی تمام نعمتوں کے نام اور تمام چیزوں اور سامانوں کے
نام، یہاں تک کہ پیالہ اور پیالی کے نام ۔ اور حدیث شریف میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے
آپ کو سات لاکھ زبا نیں سکھائی ہیں۔(تفسیر روح البیان، ج ۱، ص ۱۰۰ ، پ ۱ ،
البقرة : ۳۱)
ان علوم مذکورہ بالا کی فہرست کو قرآن مجید نے اپنے معجزانہ جوامع الکلم کے
انداز بیان میں صرف ایک جملہ کے اندر بیان فرمادیا ہے۔ چنانچہ ارشاد ربانی ہے کہ:
وَعَلَّمَ
آدَمَ الْأَسْمَاءَ كُلَّهَا (پ۔۱۔البقرة :۳۱)
اور اللہ
تعالیٰ نے آدم کو تمام اشیاء کے نام سکھائے ۔
درس ہدایت : حضرت آدم علیہ السلام کے خزائن علم کی یہ
عظیم فہرست دیکھ کر سوچیے کہ جب حضرت آدم علیہ السلام کے علوم و معارف کی یہ منزل
ہے تو پھر حضور سید آدم و سرور اولاد آدم، خلیفۃ الله الاعظم حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ
علیہ وسلم کے علوم عالیہ کی کثرت و وسعت اور ان کی رفعت و عظمت کا کیا عالم ہو گا
؟ میں کہتا ہوں کہ واللہ حضرت آدم علیہ السلام کے علوم کو سرکار دو عالم صلی اللہ
علیہ وسلم کے علوم سے اتنی بھی نسبت نہیں ہو سکتی جتنی کہ ایک قطرہ کو سمندر سے
اور ایک ذرہ کو تمام روئے زمین سے نسبت ہے۔ اللہ اکبر! کہاں علوم آدم اور کہاں
علوم سید عالم !
فرش تا
عرش سب آئینہ ، ضمائر حاضر بس قسم کھائیے امی تیری
دانائی کی
اللَّهُمَّ
صَلِّ عَلٰی سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَعَلٰى آلِ سَيِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَبَارِكْ
وَسَلِّمُ