نام ونسب
آپ کا نام عثمان ‘‘ ہے ۔ آپ کی کنیت ابوعبداللہ ‘‘ اور ابوعمرو ہے ۔ آپ کا لقب ذوالنورین ‘‘ ہے ۔ آپ کے والد کا نام عفان ابن ابی العاص ‘‘ ہے اور والدہ کا نام ’’ اروی بنت کریز ‘‘ ہے ۔
ذوالنورین کی وجہ تسمیہ
حضرت سیدنا عثمان غنی کے لقب ذوالنورین کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی دو صاحبزادیاں آپ کے نکاح میں آئیں ۔ آپ کا نکاح پہلے حضور نبی کریم ﷺ کی صاحبزادی حضرت رقیہ رضی اللہ عنہا سے ہوا اور ان کے وصال کے بعد حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی دوسری صاحبزادی حضرت ام کلثوم کا نکاح آپ سے کیا ۔ حضرت ام کلثوم کے وصال کے بعد حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اگر میری کوئی اور بیٹی ہوتی جس کا میں نکاح کرتا تو میں اس کا نکاح عثمان کے ساتھ ہی کرتا۔
سنن بیہقی میں منقول ہے کہ حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کے علاوہ بھی کسی نبی کی دو بیٹیاں ایک شخص کے نکاح میں نہیں آئیں اور یہی وجہ ہے کہ آپ کو ذوالنورین یعنی دونوروں والا کہا گیا ہے ۔
حضرت سیدنا عثمان غنی کی کنیت :
زمانہ جاہلیت میں حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی کنیت ابوعمر تھی ۔ جب آپ نے اسلام قبول کیا اور حضور نبی کریم ﷺ کی صاحبزادی حضرت رقیہ سے نکاح ہوا تو ان کے بطن سے حضرت عبداللہ پیدا ہوۓ جن کے نام سے آپ کی کنیت ابوعبداللہ مشہور ہوئی ۔
سلسلہ نسب :
حضرت سید نا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا سلسلہ نسب عبدمناف پر حضور نبی کریم ﷺ سے جاملتا ہے ۔ آپ کا والد کی طرف سے سلسلہ نسب حسب ذیل ہے ۔ عثمان ان بن عفان بن ابوالعاص بن امیہ بن عبد شمس بن عبد مناف بن قصی بن کلاب بن مرہ بن کعب بن لوی بن غالب ‘‘ حضرت سید نا عثمان غنی کا والدہ کی طرف سے سلسلہ نسب حسب ذیل ہے ۔ ” اروی بنت کریز بن ربیعہ بن حبیب بن عبد شمس بن عبد مناف “ حضرت سید نا عثمان غنی کی نانی ام حکیم البیضا حضور نبی کریم ﷺ کے والد ماجد حضرت سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ کی سگی بہن تھیں اس طرح اس رشتے سے حضرت سیدنا عثمان غنی کی والدہ حضور نبی کریم کی پھوپھی زاد بہن تھیں ۔