بنی اسرائیل
پر طاعون کا عذاب
جب میدان "تیہ
” میں بنی اسرائیل نے یہ خواہش ظاہر کی کہ ہم زمین سے اگنے والے غلے اور
ترکاریاں کھائیں گے تو ان لوگوں کو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سمجھایا کہ تم لوگ "من
و سلوی” کے نفیس کھانے کو چھوڑ کر گیہوں ، دال اور ترکاریوں جیسی خسیس اور
گھٹیا غذا ئیں کیوں طلب کر رہے ہو ؟ مگر جب بنی اسرائیل اپنی
ضد پر اڑے رہے تو اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ تم لوگ میدان "تیہ "سے نکل
کر شہر بیت المقدس میں داخل ہو جاؤ اور وہاں بے روک ٹوک اپنی پسند کی اور من بھاتی
غذا ئیں کھاؤ مگر یہ ضروری ہے کہ تم لوگ بیت المقدس کے دروازے میں کمال ادب و
احترام کے ساتھ جھک کر داخل ہونا اور داخل ہوتے وقت یہ دعا مانگتے رہنا کہ یا اللہ
! تو ہمارے گناہوں کو معاف فرمادے تو ہم تمہارے گناہوں کو بخش دیں گے۔
مگر بنی
اسرائیل جو ہمیشہ سے سرکش اور شرارتوں کے عادی اور خدا کی نافرمانیوں کے خوگر تھے،
بیت المقدس کے قریب پہنچ کر ایک دم ان لوگوں کی رگ شرارت بھڑک اٹھی اور یہ نافرمان
لوگ بجائے جھک کے داخل ہونے کے اپنی سرینوں پر گھسٹتے ہوئے دروازے میں داخل ہوئے
اور حطة ( معافی کی دعا) کے بدلے حبة في شعرة (ایک دانہ ہے ایک بال میں ) کہتے ہوئے اور
مذاق و تمسخر کرتے ہوئے بیت المقدس کے
دروازے میں گھستے چلے گئے ۔ فرمان ربانی کی اس نافرمانی اور حکم الہی کے ساتھ
تمسخر کی وجہ سے ان لوگوں پر قہر خداوندی بصورت عذاب نازل ہو گیا کہ اچانک ان
لوگوں میں طاعون کی بیماری وبائی شکل میں پھیل گئی اور گھنٹہ بھر میں ستر ہزار بنی
اسرائیل درد و کرب سے مچھلی کی طرح تڑپ
تڑپ کر مر گئے ۔ (صاوی، ج ۱، ص ۳۱ ۔و جلالین)
طاعون : ایک مہلک وبائی بیماری ہے جس کو ڈاکٹر ” پلیگ”
کہتے ہیں اس بیماری میں گردن اور بغلوں اور کنج ران میں آم کی گٹھلی کے برابر گلٹیاں
نکل آتی ہیں۔ جن میں بے پناہ درد اور نا قابل برداشت سوزش ہوتی ہے اور شدید بخار
چڑھ جاتا ہے اور آنکھیں سرخ ہو جاتی ہیں اور دردناک جلن سے شعلہ کی طرح جلنے لگتی
ہیں اور مریض شدت درد اور شدید بے چینی و بے قراری میں تڑپ تڑپ کر بہت جلد مرجاتا
ہے اور جس بستی میں یہ وبا پھیل جاتی ہے اس بستی کی اکثر آبادی موت کے گھاٹ اتر
جاتی ہے اور ہر طرف ویرانی اور خوف وہر اس کا دور دورہ پھیل جاتا ہے۔
اللہ تعالی نے بنی اسرائیل کے اس واقعہ کا ذکر
فرماتے ہوئے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا کہ:
وَ
اِذْ قُلْنَا ادْخُلُوْا هٰذِهِ الْقَرْیَةَ فَكُلُوْا مِنْهَا حَیْثُ شِئْتُمْ
رَغَدًا وَّ ادْخُلُوا الْبَابَ سُجَّدًا وَّ قُوْلُوْا حِطَّةٌ نَّغْفِرْ لَكُمْ
خَطٰیٰكُمْؕ -وَ سَنَزِیْدُ
الْمُحْسِنِیْنَ (58) فَبَدَّلَ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا قَوْلًا غَیْرَ الَّذِیْ قِیْلَ
لَهُمْ فَاَنْزَلْنَا عَلَى الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا رِجْزًا مِّنَ السَّمَآءِ بِمَا
كَانُوْا یَفْسُقُوْنَ(59) (پ ۱ البقرة : ٥٨
– ٥٩)
ترجمہ
کنز الایمان : اور جب ہم نے فرمایا اس بستی میں جاؤ
پھر اس میں جہاں چاہو بے روک ٹوک کھاؤ اور دروازہ میں سجدہ کرتے داخل ہو اور کہو
ہمارے گناہ معاف ہوں ہم تمہاری خطائیں بخش دیں گے اور قریب ہے کہ نیکی والوں کو
اور زیادہ دیں تو ظالموں نے اور بات بدل دی جو فرمائی گئی تھی اس کے سوا تو ہم نے
آسمان سے ان پر عذاب اتارا بدلہ ان کی بے حکمی کا۔
درس ہدایت : اس واقعہ سے معلوم ہوا کہ خدا وند قدوس کی
نافرمانی اور احکام ربانی کے ساتھ تمسخر و مذاق کرنے کا کتنا بھیانک اور کس قدر ہولناک انجام ہوتا ہے کہ آخرت کا عذاب تو اپنی جگہ برقرار ہی ہے دنیا
میں قہر الہی بصورت عذاب نازل ہو جاتا ہے جس سے لوگ ہلاک ہو کر فنا کے گھاٹ اتر جاتے ہیں اور بستیاں
ویران ہو جاتی ہیں۔ معاذ الله منہ
فائدہ: ” طاعون” بنی اسرائیل کے حق میں عذاب تھا مگر اس خیر الامم
یعنی خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی امت کے حق میں یہ بیماری رحمت ہے کیونکہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ:
طاعون کی
بیماری میں مرنے والا شہید ہوتا ہے۔ (تفسیر
صاوی، ج ۱، ص ٦٨ ، پ ١ البقرة : (٥٩)
مسئلہ یہ ہے کہ جس بستی میں طاعون کی وبا پھیلی ہو وہاں
جانا نہیں چاہیے اور اگر اپنی بستی میں و با آ جائے تو بستی چھوڑ کر دوسری جگہ بھا
گنا نہیں چاہیے بلکہ طاعون کی وبا میں اپنی بستی ہی کے اندر خدا پر توکل کر کے صبر
کے ساتھ رہنا چاہیے اگر اس بیماری میں مر گیا تو شہید ہو گا اور طاعون کے ڈر سے
بستی چھوڑ کر بھاگنے والے پر اتنا بڑا گناہ ہوتا ہے جتنا کہ جہاد کے دن میدان چھوڑ
کر بھاگنے والوں پر گناہ ہوتا ہے اس لئے ہرگز
ہرگز بھا گنا نہیں چاہئے بلکہ اس بیماری میں صبر کے
ساتھ اپنی ہی بستی میں مقیم رہنا چاہییے کہ اس پر خداوند تعالی نے اجر و ثواب کا
وعدہ فرمایا ہے۔ (والله تعالیٰ اعلم)